Friday, 12 May, 2006, 11:15 GMT 16:15 PST
برطانیہ میں ماہرین نے کہا ہے کہ مر جانے والے افراد کے لواحقین کی طرف سے ان کے جسم سے اعضا نکالنے کی مخالفت بیمار افراد کے لیے جسمانی اعضا کی کمی کا ایک بڑا سبب ہے۔
برطانوی میڈیکل جرنل نے دو سالہ تحقیق کے بعد کہا کہ مغربی یورپ میں جسمانی اعضا کی منتقلی کی سب سے کم شرح برطانیہ میں ہے۔ جرنل نے تحقیق کے سلسلے میں دو سو اسّی ہسپتالوں کا دورہ کیا۔
انتقال کرنے والے افراد کے لواحقین نے اعضا کی منتقلی کی مخالفت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے عزیزوں کی لاش خراب ہو اور دوسرے یہ کہ انہیں اس بات کا یقین نہیں ہوتا کہ آیا انہوں نے مرنے سے پہلے اپنے جسم سے اعضا نکالنے پر واقعی آمادگی ظاہر کی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ایک نیا قانون متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے بعد صورتحال بہتر ہو جائے گی۔