Sunday, 02 April, 2006, 10:51 GMT 15:51 PST
جرائم کی تحقیقات میں پولیس کو بہت جلد انگلیوں کے نشانات سے لوگوں کے طرز زندگی کے بارے میں بھی اہم معلومات حاصل ہو سکیں گی جن کی مدد سے انہیں مجرم تک پہنچنے میں بہت مدد ملے گی۔
برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق سے ایسے امکانات پیدا ہوئے ہیں جن سے سگریٹ نوشی، منشیات کے استعمال یا انگلیوں کے نشانات میں عمر کے ساتھ رونما ہونے والی تبدیلوں کا پتا چلایا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے کہ بندوقوں اور بم کے ٹکڑوں پر پائے جانے والے انگلیوں کے نشانات کا بہتر حالت میں کس طرح پتا چلایا جاسکے۔
برطانیہ کے کنگز کالج کے ڈاکٹر سؤ جکیلز کی رہنمائی میں ہونے والی اس تحقیق پر کام انسانی انگلیوں پر پائے جانے والے کیمیائی اجزا اور ان میں پیدا ہونے والی
تبدیلوں کے تجزئے سے ہوا۔
![]() | |
| اس تحقیق سے انسانی انگلیوں میں پائے جانے والے نامیاتی مرکبات کو حاصل کیا جاسکتا ہے |
انہوں نے کہا کہ انگلیوں کے پوروں میں بہت سے نامیاتی مرکبات پائے جاتے ہیں اور یہ بہت سے امکانات کو جنم دیتا ہے۔
اس طرح کے ایک نامیاتی مرکب جس سے کولیسٹرول بھی بنتا ہے انسانی پوروں میں بڑی تعداد میں پایا جاتا ہے۔
یہ مرکب جسے سکیولین کہا جاتا ہے انسانی ہاتھ سے مس ہونے والی چیز پر رہ جاتا ہے۔ اس کا روایتی طریقے یا انسانی آنکھ سے پتا لگانا ناممکن ہے۔
ڈاکٹر جکیلز نے کہا کہ بالغوں، بچوں اور عمر رسیدہ لوگ کی انگلیوں سے مختلف نوعیت کے نامیاتی مرکب چیزوں پر لگتے ہیں۔
اس کے علاوہ منشیات کا استعمال کرنے والے میں اس نشہ آور چیز کے اثرات بھی ان نامیاتی مرکبات میں پائے جاتے جو ان کی انگلیوں کے پوروں میں پائے جاتے ہیں۔