Saturday, 04 March, 2006, 17:24 GMT 22:24 PST
میاں بیوی کا جھگڑا صرف الفاظ کی سختی تک ہی محدود نہیں بلکہ اس سے شریانیں بھی سخت ہوجاتی ہیں جو کہ دل کے لیئے خطرناک ہے۔
یونیورسٹی آف اتاہ کے سائنسدانوں نے 150 جوڑوں پر تحقیق کی جس سے یہ معلوم ہوا ہے کہ میاں بیوی کے جھگڑوں سے ہونے والے نقصان کا انحصار جنس پر بھی ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خواتین میں شریانوں کے امراض کا زیادہ تر تعلق اپنے ساتھی کے غصیلے رویہ سے ہے جبکہ مردوں میں اس کی وجہ کچھ اور ہوسکتی ہے۔
تجزیہ کے لیئے چنے گئے جوڑوں کو بحث کے لیئے ایسے موضوعات دیئے گئے جو عمومی طور پر ان کےدرمیان تنازعے کا باعث بنتے ہیں۔ بحث کے دوران ان افراد کا مسلسل معائنہ کیا گیا۔
نتائج سے ثابت ہوا کہ وہ خواتین جو بحث میں زیادہ سخت الفاظ استعمال کرتی ہیں ان کی شریانوں کو نقصان پہنچنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ دوسری جانب وہ مرد حضرات جنہوں نے سخت الفاظ سننے کے بعد اپنے رویہ پر قابو رکھنے کی کوشش کی ان کی شریانیں سخت ہونے کا زیادہ امکان ہے۔
کئی افراد کو ڈاکٹر سے مشورہ لینے کی رائے دی گئی۔
پروفیسر ٹم سمتھ کا کہنا ہے کہ نا اتفاقی ہر انسانی تعلق کا حصہ ہے۔ ’دل کے امراض کی اور بھی کئی وجوہات ہیں مگر ہم لوگوں کو پھر بھی یہی مشورہ دیں گے کہ اپنے ازدواجی تعلقات بہتر بنانے پر توجہ دیں‘۔