Sunday, 26 February, 2006, 02:38 GMT 07:38 PST
عالمی حدت کے متعلق تحقیق کرنے والے یورپ کے مشن کرائیوسیٹ کو جو گزشتہ سال بحیرہ آرکٹیک میں گر کر کھو گیا تھا دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی ای ایس اے نے پچانوے ملین پاؤنڈ کی لاگت سے کرائیوسیٹ کی نقل بنانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق کرائیوسیٹ لانچ کے لیے تقریباً تین سال میں تیار ہو گا۔
یہ مشن اس بات کی تحقیق کرے گا کہ زمین پر برف کی تہیں کس طرح ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہو رہی ہیں اور کئی جگہ سے کافی پتلی ہو گئی ہیں۔
مشن میں شامل برطانوی سائنسدان کا کہنا ہے کہ کرائیوسیٹ بہت اہمیت کا حامل ہے اور اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
![]() | |
| تحقیق عالمی حدت کے متعلق جاننے میں مدد دے گی |
انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ ہی ایک عزت کی بات ہے کہ ’ہمارے اس چھوٹے مشن کو اتنی حمایت ملی ہے‘۔
گزشتہ اکتوبر ای ایس اے کا تحقیقاتی مشن شمالی روس سے لانچ کے فوراً بعد ہی بحیرہ آرکٹیک میں گر کر گم ہو گیا تھا۔
دنیا کے چند بڑے سائنسدانوں نے کرائیوسیٹ 2 کی بھرپور حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی مدد سے زمین پر ماحولیاتی تبدیلی کو سمجھنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔