http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 19 February, 2006, 08:34 GMT 13:34 PST

مہلک برڈ فلو کا دائرہ پھیل گیا

برڈ فلو کی مہلک قسم کا دائرہ پھیل رہا اور ایران، فرانس اور بھارت نے اس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

مغربی بھارت کے ایک فارم میں ہزاروں ہلاک شدہ مرغیوں میں برڈ فلو کی مہلک قسم ایچ فائیو این ون(H5N1) کے اثرات پائے گئے ہیں۔ بھارت میں محکمہ صحت کے اہلکار ایسے آٹھ افراد پر ٹیسٹ کر رہے ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ برڈ فلو کی اس محلق قسم کے شکار ہیں۔

فرانس اور ایران میں بھی مردہ پرندوں پر ٹیسٹ کے بعد برڈ فلو کی اس قسم کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔

سن دو ہزار تین کے بعد برڈ فلو سے نوّے لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

انسانوں میں برڈ فلو کی بیماری اس کے شکار پرندوں کو چھونے سے ہو سکتی ہے لیکن اب تک اس کے ایک شخص سے دوسرے کو منتقل ہونے کے بارے میں ثبوت نہیں ملا۔

سائنسدانوں کے مطابق اگر یہ بیماری وبا کی صورت اختیار کر گئی تو دنیا بھر میں لاکھوں لوگ اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔