http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 13 February, 2006, 15:51 GMT 20:51 PST

محبت کی آن لائن تلاش بڑہ گئی

تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ امریکہ میں آن لائن محبت کی تلاش کرنے والوں کی تعداد کم ہوئی ہے جب کہ یورپ میں یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ اس سال ہزارہا لوگ اپنا ویلنٹائن ڈے ان محبوبوں کے ساتھ منائیں گے جن سے ان کی ملاقات پہلی بار آن لائین ہی ہوئی تھی۔

اس تحقیق کے مطابق یورپ میں آن لائن محبت کی تلاش یا ’ڈیٹنگ‘ کی مارکیٹنگ میں 2005 کے دوران 43 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جب کہ اسی عرصے کے دوران امریکہ میں ایسی ویب سائٹوں کا ممبر بننے والوں کی تعداد پہلی بار کم ہوئی ہے۔

امریکہ میں 2005 کے دوران صرف چار فیصہ صارف بامعاوضہ ڈیٹنگ کے لیے ویب سائٹوں پر آئے اور یہ تعداد 2004 کے مقابلہ میں 20 فیصد کم ہے۔

امریکہ میں انٹرنٹ استعمال کرنے والوں نے اس کی وجہ ممبر بننے کی فیسوں میں اضافے کو قرار دیا ہے۔

تحقیق کے مطابق ان اضافوں کی وجہ سے 37 فیصد صارفین نے رکنیت لینے سے انکار کر دیا۔

جائزے کے مطابق آن لائن آنے والوں میں سے ایک تہائی ایسے تھے جنہوں نے اضافوں کے باوجود ممبر شپ سے گریز نہیں کیا۔

اس تحقیق سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ اب ویب سائٹیں اپنے معاوضوں میں ایسی رعایتوں پر غور کر رہی ہیں جن کے نتیجے میں ویب سائٹوں پر آنے والے کو ممبر بننے کی ترغیب ملے۔