http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 26 January, 2006, 05:20 GMT 10:20 PST

اب تک کی سب سے چھوٹی مچھلی

ماہرین نے اب تک ملنے والی سب سے چھوٹی مچھلی کا پتہ چلایا ہے جو انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں دلدل میں پائی جاتی ہے۔ اس قسم کی ایک مچھلی کی لمبائی سات عشاریہ نو ملی میٹر تک ہو سکتی ہے۔

برطانوی جریدے رائل سوسائٹی میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں بتایا گیا ہے کہ دلدلوں کے خاتمے کی وجہ سے نئی ملنے والی مچھلی کا مستقبل خطرے میں ہے۔

مچھلی کو دلدلوں کے تیزاب ملے پانی کی وجہ سے انتہائی مشکل حالات سےگزارا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان مچھلیوں کو زیادہ خوراک کی ضرورت نہیں پڑتی اور یہ تالابوں کی تہہ میں خوراک تلاش کر لیتی ہیں۔

ان مچھلیوں کے دماغ پر تحفظ کے لیے ہڈیاں نہیں پائی جاتیں اور مادہ زیادہ انڈے نہیں رکھ سکتی۔

مچھلیوں کی اس قسم کو جنگلات کی تباہی، دلدلوں کے خاتمے اور بار بار لگنے والے آگ کی وجہ سے خاتمے کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق ممکن ہے اس سے بھی چھوٹی مچھلیاں ماضی میں پائی جاتی ہوں لیکن جن کی نسل پہلے ہی ختم ہو گئی ہو۔