Thursday, 26 January, 2006, 03:09 GMT 08:09 PST
ماہرین فلکیات کی ایک عالمی ٹیم نے نظام شمسی سے باہر زمین سے ملتا جلتا ایک سیارہ دریافت کیا ہے۔ اس نوعیت کا اب تک دریافت ہونے والا یہ سب سے چھوٹا سیارہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اپنے ستارے سے فاصلے اور وزن کے اعتبار سے یہ اب تک دریافت ہونے والے سیاروں میں زمین سے سب سے زیادہ ملتا جلتا ہے۔
نیا دریافت ہونے والا سیّارہ زمین سے پانچ گنا بڑا ہے اور یہ زمین سے پچیس ہزار نوری سال کے فاصلے پر ہے۔
نئے سیارے پر انتہائی کم درجہ حرارت کی وجہ سے زندگی کا امکان بہت کم ہے۔ نئے سیارے کا نام OGLE-2005- BLG-390Lb ہے اور یہ دس سال میں اپنے ستارے کے گرد چکر لگاتا ہے۔ مذکورہ سیارہ زمین کے ستارے سورج کے مقابلے میں چھوٹا اور سرد ہے۔ نیا سیّارہ زمین کی کہکشاں ’ملکی وے‘ کا حِصّہ ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اس سیارے کی سطح پر درجہ حرارت منفی دو سو بیس ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
سیارے کی دریافت میں بارہ ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے حصہ لیا۔ یہ سیارہ مائیکرو لینزنگ تکنیک کی مدد سے دیکھا گیا۔
اب تک نظام شمسی سے باہر ایک سو ساٹھ سیارے دریافت کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سےصرف تین سیارے مائیکورلینزنگ سے دریافت کیے گئے۔