Sunday, 15 January, 2006, 15:41 GMT 20:41 PST
ایک خلائی کیپسول کائنات سے دھول اکھٹی کر کے سات سال بعد زمین پر واپس اتار لیا گیا ہے۔ یہ دھول ’وائلڈ ٹو‘ نامی دم دار ستارے سے حاصل کی گئی۔
امریکی خلائی گاڑی ’سٹارڈسٹ‘ نے تین ارب میل کا سفر طے کرنے کے بعد زمین کے پاس سے گزرتے ہوئے دھول والے کیپسول کو زمین کی طرف روانہ کر دیا۔
اجرام فلکی کی دھول لیے ہوئے مذکورہ کیپسول امریکی صحرا یوٹاح میں گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق دس بج کر بارہ منٹ پر اترا۔
یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی خلائی مشن سے اس طرح کا مواد حاصل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انیس سو چھہتر میں سوویت خلائی جہاز چاند سے پتھر اور مٹی لے کر آیا تھا۔
سٹارڈسٹ اپنے مشن کے بعد اب مستقل زمین کے مدار میں چکر لگائے گی۔ اس کو سن انیس سو ننانوے میں دم دار ستارے وائلڈ ٹو کے گرد سے دھول حاصل کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔
سٹارڈسٹ جنوری دو ہزار چار میں وائلڈ ٹو سے دو سو چالیس کلومیٹر کے فاصلے تک گیا اور وہاں سے ذرات اکھٹے کیے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس سفر کے دوران خلائی گاڑی نے دور دراز ستاروں سے اٹھنے والی دھول بھی حاصل کی ہو گی۔
دنیا بھر میں سینکڑوں سائنسدان سٹارڈسٹ کے ذریعے حاصل کیے گئے ذرات کا تجزیا کرنے کے منتظر ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دم دار ستاروں پر ایسا مواد ہے جو سیاروں اور سورج کے قیام کے وقت سے تبدیل نہیں ہوا اور اس کے تجزیے سے ان کی پیدائش کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوں گی۔