http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 10 January, 2006, 17:04 GMT 22:04 PST

کمپیوٹر گیمز اور تشدد پسند رویہ

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق پرتشدد کمپیوٹر گیمز کھیلنے سے رویہ میں جارحیت کا عنصر پیدا ہوجاتا ہے۔

ماضی میں بھی ایک تحقیق سے یہی بات سامنے آئی تھی کہ ایسے کمپیوٹر گیمز رویہ پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں تاہم کچھ کا کہنا تھا کہ جارحیت صرف ان لوگوں کے رویہ میں آتی ہے جو پہلے ہی سے پرتشدد طبیعت رکھتے ہیں۔

تاہم کولمبیا کی ایک یونیورسٹی نے پرتشدد کمپیوٹر گیمز کھیلنے کے دوران انتالیس افراد کے دماغوں کے تجزیے سے ثابت کیا ہے کہ ایسے گیم ہر شخص کی ذہنی حالت پر اثر انداز ہوتے ہیں خواہ وہ پہلے سے پرتشدد طبیعت رکھتا ہو یا نہیں۔

تحقیق کے دوران ان افراد کو تشدد آمیز کمپوٹر گیمز کھیلنے کے لیے دیے گئے۔ جب گیم کے دوران ان افراد کے اپنے مخالف سے بدلہ لینے کا وقت آیا تو قریباً سب ہی نے سخت ترین سزا کا انتخاب کیا۔

یہ تحقیق اس سال کے اختتام تک باقاعدہ طور پر جاری کی جائے گی۔

اس تحقیق کے سربراہ بروس بارتھولو کا کہنا ہے کہ انسانی ذہن پر پرتشدد کمپیوٹر گیمز کے منفی اثرات کے بارے میں یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق ہے۔ ان کا کہنا ہے ’جو لوگ ایسے گیمز کثرت سے کھیلتے ہیں ان کا ذہن ان گیمز کو حقیقی واقعات کی طرح لینا شروع کردیتا ہے۔

حال ہی میں مارکیٹ میں ایسے گیمز کی بہتات ہوگئی ہے جس میں تشدد آمیزی پائی جاتی ہے۔ ان گیمز کے بارے میں کئی حلقے تشویش کا اظہار بھی کرچکے ہیں اور اب اس تحقیق کے بعد ان حلقوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

تاہم اب بھی کئی ماہرین اس تحقیق کے حامی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پچھلے کافی عرصے سے یہ خدشات ظاہر کیے جاتے رہے ہیں جوکہ درست نہیں ہیں۔ چند ماہرین کے مطابق یہ بحث سالوں سے اٹھائے جانے والے ان سوالات کی طرح ہے جو ٹی وی کے استعمال پر اٹھائے جاتے رہے ہیں۔