Sunday, 13 November, 2005, 09:58 GMT 14:58 PST
برطانیہ میں ایک ہپستال نے ایک ایسے مریض کے بارے میں تحقیق کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ایڈز کے مرض سے صحتیاب ہو گیا ہے۔
اینڈرو سٹِمپسن کو اگست دو ہزار دو میں ایڈز یا ایچ آئی وی پازیٹیو تشخیص کیا گیا تھا تاہم اگلے ہی برس ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ ان کے جسم سے ایڈز کا وائرس ختم ہوگیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مزید تحقیق سے ان کی صحتیابی کی تصدیق ہو جاتی ہے تو سٹِمپسن اس مرض سے نجات پانے والے پہلے شخص ہوں گے۔
ایڈز کی تشخیص کے بعد سٹِمپسن پر افسردگی چھا گئی تھی اور جب بعد کی تشخیص نے انہیں صحتمند ثابت کیا تو انہوں نے متعلقہ لیبارٹری سے پہلی مرتبہ غلط تشخیص کرنے پر ہرجانہ طلب کیا۔ مگر انہیں بتایا گیا کہ تشخیص کے عمل میں کوئی خرابی نہیں تھی۔
سٹِمپسن کا کہنا تھا کہ’ دنیا میں ایڈز کے پینتیس ملین سے زیادہ مریض ہیں اور میں وہ واحد شخص ہوں جس نے اس پر قابو پا لیا اور اس سے بچ نکلا۔ میرے لیے یہ ناقابلِ یقین ہے۔ یہ ایک معجزہ ہے اور میں دنیا کے خوش قسمت ترین لوگوں میں سے ایک ہوں‘۔