Thursday, 03 November, 2005, 13:05 GMT 18:05 PST
ایک تحقیق کے مطابق سن دو ہزار نو تک امریکہ اور یورپ میں ایک تہائی لوگ تار والے فون کی بجائے وائرلیس اور براڈبینڈ ٹیلیفون استعمال کریں گے۔
صارفین میں براڈ بینڈ ٹیلیفون کا استعمال بڑھ رہا ہے جو کہ تار والے ٹیلی فون کے مقابلے میں کم خرچ ہے۔
گارٹنر کی طرف سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق سن دو ہزار نو تک دنیا بھر میں ستر فیصد صارفین کے پاس وائرلیس کنیکشن ہوگا۔ اس اضافے کی ایک وجہ امریکہ اور چین میں موبائل فون کے کم ہوتے ہوئے اخراجات ہیں۔
گارٹنر کے مطابق سن دو ہزار دس تک ایک ہینڈ سیٹ کی قیمت چودہ پاؤنڈ تک گر جائے گی۔
گارٹنر کے مطابق پانچ سال بعد دنیا بھر میں تین ارب لوگوں کے پاس موبائل ٹیلیفون ہوگا۔
ماہرین کے مطابق کئی روایتی ٹیلیفون کمپنیاں اب اپنے سسٹم بہتر کر رہی ہیں تاکہ وہ مستقبل کے ڈجیٹل گھروں میں کار آمد ہو سکے جب بہت سی گھریلو مصنوعات ریموٹ کنٹرول سے چلیں گی۔