http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 06 August, 2005, 10:50 GMT 15:50 PST

ڈسکوری کےواپسی کے سفر کا آغاز

امریکی خلائی شٹل ڈسکوری نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے کامیابی سے الگ ہو کراپنی واپسی کے پہلے مرحلے میں زمین کی طرف اپنےسفر کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سے قبل امریکی خلائی ادارے ناسا نےشٹل کی مرمت کے بعد اس کی درستگی کا اعلان کیاتھا۔

واضح رہے کہ شٹل کے نچلے حصے میں گرمی سےمحفوظ کرنے والی ٹائلز کے درمیان پھنسی سرامک کے کپڑے سے بنی پٹیاں نکالی گئی تھیں کیونکہ ناسا کے ماہرین کو تشویش تھی کہ زمین کی فضاء میں داخل ہونے پر کہیں یہ پٹیاں شٹل کے کچھ حصوں کو ضرورت سے زیادہ گرم نہ کردیں۔

ماہرین کوامید ہے کہ شٹل پیر کو بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

دو ہزار تین میں خلائی شٹل کولمبیا کی تباہی کے بعد خلا میں بھیجا جانے والا یہ پہلا خلائی مشن ہے۔

بین الاقوامی خلائی سٹیشن کو چھوڑنے کے بعد شٹل اس کے گرد گھوم کر اس کے تمام حصوں کی ہرزاویے سےتصاویر اتارے گی۔

خلائی شٹل کی اس پرواز کے ڈائریکٹر پال ہل نےصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے کچھ حصوں کی کوئی تصویر ادارے کے پاس موجود نہیں ہے۔ جو تصاویرہیں وہ دوہزار دو میں سٹیشن پر بھیجے گئے ایک آربیٹر کی مدد سے اتاری گئی تھیں۔

اس مشن میں آئی مشکلات کے بعد ناسا کا ارادہ ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے تک کسی خلائی مشن کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن نہیں بھیجےگا۔

ہل کا کہنا ہے کہ ناسا ڈسکوری کے زمین پر واپسی کے حوالے سے فکرمند ہے۔

توقع ہے کہ یہ خلائی شٹل پیرکی صبح کینیڈی سپیس سینٹر کے قریب کیپ کینویرل پراترے گی۔