Tuesday, 26 July, 2005, 01:22 GMT 06:22 PST
جاپان میں منگل کو چھ سو بچے ماحولیات پر بچوں کی پہلی عالمی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ یہ بچے پینسٹھ ممالک سے آئے ہیں اور اس کانفرنس میں وہ حکومتوں اور بڑے سرمایہ داروں کے نام ایک درخواست میں ماحولیات پر توجہ دینے کا مطالبہ کریں گے۔
ٹوکیو سے نامہ نگار کرس ہوگ نے بتایا ہے کہ اس کانفرنس میں شریک تمام بچے دس سے چودہ سال کے درمیان ہیں۔ اور وہ اگلے چار دن مختلف قسم کی ورکشاپیں، مباحثے، اور دورے کرنے میں گزاریں گے۔
اس کانفرنس میں دو کم عمر جاپانی شہزادیاں بھی شرکت کر رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ستمبر میں جب دنیا بھر سے رہنما ماحولیات پر بات کرنے نیو یارک میں جمع ہوں تو ضروری ہے کہ وہ ان بچوں کے مستقبل کو اپنے ذہن میں رکھیں۔
اس کانفرنس کے ذریعے دنیا بھر میں سربراہان مملکت کو پیغام بھیجا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس کے شرکاء ان سکولوں یا تنظیموں سے ہیں جنہوں نے ماحولیات سے متعلق پراجیکٹ جمع کرائے تھے۔
کانفرنس میں ہر روز وہ نئے موضوع پر توجہ دیں گے مثلاً توانائی، پانی، اشیاء کا دوبارہ استعمال اور حیاتیاتی تنوع۔
کانفرنس کے شرکاء ہر موضوع کے بارےمیں کوئی نہ کوئی ہدف طے کریں گے۔