Monday, 11 July, 2005, 14:47 GMT 19:47 PST
دنیا بھر سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامور لوگ دنیا کے مسقتبل کے بارے میں غور کرنے کے لیے آکسفورڈ میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔
آکسفورڈ میں اکٹھے ہونے والوں میں موسیقار، مصنف، سائنسدان اور دیگر شعبوں کے افراد شامل ہیں۔ یہ اجلاس بارہ سے پندرہ اکتوبر تک جاری رہے گا۔
ٹی ای ڈی(Technology, Entertainment and Design) گلوبل نامی یہ اجتماع امریکہ میں ہر سال ہونے والی اہم تقریبات میں سے ایک ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یہ اجتماع امریکہ سے باہر منعقد ہو رہا ہے۔
اجتماع کا مقصد فن، ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کے شعبوں میں امکانات کے بارے میں غور کرنا ہے جو انسان کے مستقبل پر زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔ لیکن اس کے علاوہ اس بار سیاست، ماحولیات اور دیگر معاشی مسائل پر بھی بات ہوگی جو اکیسویں صدی کے اہم موضوعات ہیں۔
ٹی ای ڈی کے اجلاس میں مستقبل کے شہروں اور نیٹ ورک کے اثرات کے بارے میں بات ہوگی۔
اجلاس میں شریک ہونے والوں میں تلوین سنگھ، زی فرینک، وِکی پیڈیا کے بانی جمی ویلز، ایکس پرائز کے بانی پیٹر ڈائمینڈس شامل ہیں۔
پہلی ٹی ای ڈی کانفرنس انیس سو چوراسی میں منقعد ہوئی تھی جہاں پر پہلی بار ایپل میکنٹاش کمپیوٹر اور سونی ڈسک کی نمائش کی گئی تھی۔