http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 31 May, 2005, 13:41 GMT 18:41 PST

مائیکرو سوفٹ کو جرمانے کا خطرہ

سوفٹ وئیر بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی مائیکرو سوفٹ نے اگر اگلے چند روز میں یورپی یونین کے ساتھ مارکیٹ میں اجارہ داری کے معاملات پر سمجھوتہ نہ کیا تو کمپنی پر روزانہ پانچ ملین ڈالر جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔

مارچ 2004 میں یورپی یونین نے مائیکروسوفٹ کے خلاف مارکیٹ میں اپنے تسلط کے غلط استعمال پر 655 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا اور کمپنی کو یہ حکم بھی دیا تھا کہ وہ اپنے سوفٹ وئیر کے بارے میں پوشیدہ حقائق تک اپنے حریفوں کی رسائی کو آسان بنائے۔

یورپی یونین کے اس فیصلے کی وجوہات یہ بتائی گئی تھیں کہ اس طرح مارکیٹ پر صرف ایک کمپنی کی اجارہ داری کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور دوسری کمپنیوں کو ایسے سوفٹ وئیر بنانے میں مدد ملے گی جو مائیکرو سوفٹ کی ونڈوز کے ساتھ بغیر کسی مشکل کے کام کرسکیں۔

اگر مائیکروسوفٹ نے ان احکامات پر جون کی پہلی تاریخ تک عمل نہ کیا تو اس پر روزانہ جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ اس تاریخ تک مائیکرو سوفٹ کو یورپی یونین کو تفصیلً یہ بتانا ہے کہ وہ کس طرح یورپی یونین کے ان احکامات پر عمل کرے گا۔

مائیکرو سوفٹ کو یورپی یونین نے یہ حکم بھی دیا تھا کہ وہ ونڈوز کا ایک ایسا ورژن بھی پیش کرے جس میں میڈیا پلئیر نہ ہو تاکہ ایسے پلئیر بنانے والی دوسری کمپنیاں بھی مارکیٹ میں اپنی پروڈکٹس متعارف کروا سکیں اور کمپیوٹر استعمال کرنے والے یہ فیصلہ خود کرسکیں کہ انہیں کون سا پلئیر چاہئیے۔