http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 28 May, 2005, 17:06 GMT 22:06 PST

خاندان کے لئے قربانی

خواتین میں دل کے امراض کے بارے میں کی گئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہت سی خواتین اپنے خاندان اور بچوں کی وجہ سے اپنی صحت کا خیال نہیں رکھتیں۔

دل کے امراض سے متعلق برطانوی ادارے بر ٹش ہارٹ فاؤنڈ یشن ، بی ایچ ایف کی جانب سے کیے جانے والے ایک سروے کے مطابق دو تہائی خواتین اپنی صحت کے مقابلےمیں اپنے خاندان کے صحت کے بارے میں زیادہ فکر مند رہتی ہیں۔

سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ ایک ہزار ایک سو چّون خواتین میں سے ہر پانچویں خاتون اپنی صحت پر اپنی خاندان کو فوقیت دیتی ہے۔

یونیورسٹی آف اسیکس میں ایثار کی نفسیات کے ماہر ڈاکٹر رِک اوجرمون کا کہناہے کہ ماؤں میں اپنے خاندان اور بچوں کے لیے قربانی کاجذبہ ذیادہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ ایک قدرتی امر ہے کے مائیں اپنی نسبت اپنے خاندان اور بچوں کی بھلائی کی طرف زیادہ مائل ہو تیں ہیں۔

ڈاکٹر رِک اوجرمون کا کہنا ہے کے خواتین کا اپنے خاندان اور بچوں کے لیے ایثار معاشرتی اقدار کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ اور دوسروں کی نسبت عمر رسیدہ خواتین اپنے خاندان اور بچوں کے لیے زیادہ فکرمند رہتی ہیں۔

بر ٹش ہارٹ فاؤنڈ یشن کی بیلندہ لنڈن کا کہنا ہے خواتین اپنی زندگیوں کی خود دشمن ہوتی ہیں اور اپنے خاندان اور بچوں کے لیے اپنی ضروریات تک کو نظر انداز کر دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس تلخ حقیقت کی وجہ سے ہزاروں عورتیں دل اور شریانوں سے متعلق بیماریوں کا شکار ہو کر اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔

انہو ں نے خواتین میں صحت کاشعور پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح مستقبل میں دل کی بیماریوں کے حوالے سےخواتین کی شر ح اموات پر قابو پایاجا سکتا ہے۔

سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں دل کے امراض سے
مرنے والوں میں مردوں کی تعداد عورتوں سے زیادہ ہو تی ہے جبکہ برطانیہ میں ہر سال دل کے امراض سے مرنے والوں میں مردوں اور عورتوں کی تعداد یکساں
ہو تی ہے۔

بر ٹش ہارٹ فاؤنڈ یشن چار جون سےخواتین میں دل کی بیماریوں کے بارے میں شعوروآ گاہی پیدا کر نے کے لیے ایک ہفتہ بھی منا رہا ہے۔