http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 20 May, 2005, 01:18 GMT 06:18 PST

بندروں کی نئی قسم کی دریافت

ماہرین نے تنزانیہ کے جنوب میں پہاڑوں میں بندروں کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے جو اس سے پہلے نہیں دیکھی گئی تھی۔

کہا گیا ہے کہ یہ جانور ناپید ہونے کے خطرے سے دو چار ہے اور اس قسم کے صرف ایک ہزار بندر موجود ہیں۔

یہ بندر درختوں پر رہتا ہے اور بیبون(baboon) کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔

بندروں کی نئی قسم کی دریافت کے بارے میں جمعرات کو سائنس نامی جریدے میں انکشاف کیا گیا۔

ڈاکٹر بوٹنسکی ایک امریکی ٹیم میں شامل تھے۔ انہیں نہیں معلوم تھا کہ ان سے چند سو کلومیٹر کے فاصلے پر تنزانیہ میں ہی ایک اور ٹیم بھی اس بندر کی تلاش میں تھی۔ دوسری ٹیم کو شکاریوں سے جنگل میں بندروں کی ایک نامعلوم قسم کی اطلاع ملی تھی جسے مقامی لوگ کپونجی کہتے تھے۔

ڈاکٹر بوٹنسکی نے بتایا کہ یہ بندر ہزاروں سال سے وہاں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس دریافت سے معلوم ہوتا ہے کہ ابھی تنزانیہ اور خاص طور پر افریقہ کے دور افتادہ علاقوں کے بارے میں کتنا کچھ جاننے کی ضرورت ہے۔