http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 26 March, 2005, 02:49 GMT 07:49 PST

سپر کمپیوٹر کا نیا ریکارڈ

دنیا کے سب سے تیز ترین سپر کمپیوٹر بلیو جین ایل نے ایک سیکنڈ میں ایک ٹریلین اعداد و شمار کا حساب کر کے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

بلیو جین ایل نے اس سے آدھے اعداد کا حساب کر کے دنیا کے پانچ سو بڑے سپر کمپیوٹروں میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

آئی بی ایم کمپنی کایہ سپر کمپیوٹر امریکہ کے محکمہ توانائی کے لئے تیار کیا جارہا ہے اور اس نے پچھلے سال این ای سی کے کمپیوٹر کا ریکارڈ توڑ کر دنیا میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

بلیو جین ایل کو اتنی سپیڈ سے کام کرنے کے قابل بنانے کے لئے اس میں مزید 32 الماریوں یا ریکس کا اضافہ کیا گیا تھا اور ہر ایک الماری میں 1024 پروسیسر لگائے گئے تھے۔ ان پروسیسرز میں وہی چِپ لگائی گئی جو عام استعمال کے کمپیوٹروں میں ہوتی ہے لیکن یہ پروسیسر دہری سپیڈ پر کام کرنے والے مخصوص پروسیسز تھے جنہیں ’کورز‘ کہا جاتا ہے۔

سپر کمپیوٹر عموماً بہت ہی پیچیدہ سائینسی معلومات حاصل کرنے کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں مثلاً پروٹین کے ایٹمی ڈھانچے کو سمجھنے کے لئے یا پھر کائنات اور ماحولیات کے مسائل کو حل کرنے کے لئے۔ تاہم اب آئی بی ایم کمپنی سپر کمپیوٹر کو کاروباری اور روز مرہ کے مسائل حل کرنے کے لئے بھی استعمال کرنے کا آغاز کررہی ہے۔