http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 22 December, 2004, 11:59 GMT 16:59 PST

مائیکروسوفٹ پر پابندیاں برقرار

یورپی یونین کی ایک عدالت نے مائیکرو سوفٹ پر یورپی کمیشن کی طرف سے عائد کی گئی کئی پابندیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یورپی کمیشن نے یہ پابندیاں مائیکرو سوفٹ کی مارکیٹ میں اجارہ داری کو کم کرنے کی غرض سے عائد کیں تھیں۔

اب لکسمبرگ میں یورپی یونین کی عدالت نے ان پابندیوں کو جائز قرار دیتے ہوئے مائیکرو سوفٹ سے کہا ہے کہ انہیں اپنے کچھ تجارتی راز ظاہر کرنا ہوں گے۔ اس کے علاوہ مائیکرو سوفٹ کو ونڈوز کا ایک ایسا یورپی ورژن بھی بنانا ہوگا جس میں آڈیو اور ویڈیو پلیئر شامل نہ ہوں۔

عدالت نے مائیکرو سوفٹ پر عائد چھ سو ساٹھ ملین ڈالر کا جرمانہ بھی برقرار رکھا ہے۔

عدالت نے مائیکرو سوفٹ کا یہ موقف مسترد کردیا کہ اس فیصلے سے کمپنی کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مائیکرو سوفٹ یورپی یونین کی سب سے اعلیٰ عدالت یورپین کورٹ آف جسٹس میں اپیل کرسکتا ہے۔