Friday, 29 October, 2004, 16:54 GMT 21:54 PST
سائنسدانوں نے سیارے زحل کی تصاویر کے معائنے کے بعد کہا ہے کہ وہ یہ ثابت کرنے کے بہت قریب ہیں کہ زحل کے چاند ٹائیٹان پر مائع ہائیڈرو کاربن موجود ہے۔
ریڈار سے کھینچی گئی زحل کے چاند کی تصاویر میں گہرے گڑھے نظر آرہے ہیں جو مائع میتھین یا ایتھین کی موجودگی ظاہر کرتے ہیں۔
یہ اہم دریافت ہوسکتی ہے کیونکہ سائنسدانوں کا نظریہ ہے کہ سیارے پر ہائیڈروکاربن کے سمندر اور جھیلیں ہوسکتی ہیں۔
تصاویر سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ٹائیٹان کی سطح پر آندھیاں ہیں جو اس کی حرکت کو کنٹرول کرتی ہیں۔
ایک سائنسدان جوناتھن لوئین کا کہنا ہے ’ٹائیٹان اپنے ماحول اور سطح کے لحاظ سے نہایت توانا ہے۔‘
ٹائیٹان کے قطب جنوبی پر بننے والے بادل بھی ماہرین کے لیے معمہ ہیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کوئی نظریہ قائم کرنے سے پہلے انہیں اس پر مزید تحقیق کرنی ہوگی۔