Wednesday, 25 August, 2004, 03:16 GMT 08:16 PST
ایک امریکی ڈیفنس کمپنی کو ایک ارب ڈالر سے زائد کا ٹھیکہ اس لئے دیا گیا ہے کہ وہ امریکی فوج کے لئے بغیر پائلٹ کے چلنے والے لڑاکا طیارے کا ماڈل تیار کرے۔
اس پراجیکٹ کے تحت بغیر پائلٹ کے چلنے والے کئی لڑاکا طیاروں کو ایک نیٹ ورک میں لایا جائےگا اور زمین یا بحری جہاز سے انہیں کنٹرول کیا جائے گا۔
کمپنی کا نام نارتھراپ گرومان ہے جو یو ایس ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پراجیکٹ کیلئے بغیر پائلٹ کے چلنے والے لڑاکا طیاروں کے بہتر قسم کا ماڈل بنائے گی۔
اس پراجیکٹ کے تحت دشمن کے فضائی دفاع کو کمزور بنانا، ٹھیک نشانے پر حملہ کرنا، الیکٹرانک حملہ اور دشمن کے فضا میں نگرانی وغیر شامل ہیں۔
بوئنگ کمپنی بھی ایک ڈرون بنارہی ہے جو اسی طرح کے مشن کے لئے مناسب ہوگا۔ بوئنگ کا ڈرون طیارہ سینسر، اطلاعات اور مسقتبل کے میدان جنگ کے نیٹ ورک کو بہتر بنانے میں کام آئے گا۔
نیٹ ورک پر مبنی مستقبل کے جنگ میں امریکی فوج انفارمیشن کی برتری اور وسائل کی جلد تعیناتی پر توجہ دے رہی ہے۔ بوئنگ کا طیارہ خفیہ طور پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔