http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 21 May, 2004, 13:18 GMT 18:18 PST

ایورسٹ سر کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ

نیپال سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما پمبا دورجا شرپا نے سب سے کم وقت میں ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

نیپال کی وزارت سیاحت کے مطابق شرپا جمعہ کے روز آٹھ گھنٹے دس منٹ میں ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

گزشتہ برس پمبا دورجا شرپا اور ایک اور کوہ پیما لاکپا گیلو شرپا کے درمیان اس بات پر تنازعہ ہوگیا تھا کہ دونوں میں سے کس نے ایورسٹ کی چوٹی سب سے کم وقت میں سر کی ہے۔ لکپا کا دعوٰی تھا کہ وہ دس گھنٹے چھپن منٹ میں چوٹی تک پہنچ گئے جبکہ پمبا دورجا کا کہنا تھا کہ انہوں نے بارہ گھنٹے پینتالیس منٹ میں یہ مہم سر کی تھی۔

وزارت سیاحت نے اس تنازعہ میں مداخلت کرکے گزشتہ جولائی میں فیصلہ لاکپا گیلو شرپا کےحق میں دیا تھا۔

دونوں شرپاؤں کے درمیان تنازعہ گزشتہ مئی میں اس وقت ختم ہوا تھا جب نیپال میں پہلی مرتبہ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کے پچاس برس پورے ہونے پر تقریبات منائی جارہی تھیں۔

اب تک 8850 میٹر اونچی چوٹی تیرہ سو سے زیادہ افراد سر کرچکے ہیں اور اس مہم جوئی میں دو سو کوہ پیما ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

شرپا سے قبل یہ مہم ایک تریسٹھ سالہ جاپانی خاتون نے سر کی تھے۔