http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 16 May, 2004, 17:17 GMT 22:17 PST

20 ہزار کانوں میں کام بند

انڈیا کی مغربی ریاست راجستھان میں ہائی کورٹ نے اراوالی کے کوہستانی علاقے میں بیس ہزار لے لگ بھگ کانوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ان کانوں میں انسدادِ آلودگی کے ادارے ’سینٹرل پلیوشن کنٹرول بورڈ‘ کی اجازت کے بغیر کانکنی کی جا رہی تھی۔

ریاست میں کانوں کے ریاستی محکمے کے سیکرٹری للت پنوار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ریاستی حکومت تمام کانوں میں فوری طور پر کام بند کر دے گی۔

اس قبل بھی ریاستی ہائی کورٹ دو بار اسی طرح کے حکم جاری کر چکی ہے تاہم ریاستی حکومت ان پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی ہے۔

اس بار عدالت نے حکومت سے یہ وضاحت بھی طلب کی ہے کہ اس سے پہلے جاری کیے جانے والے کام بند کرنے کے احکام پر عمل کیوں نہیں کیا جا سکا۔

بتایا گیا ہے کہ بندش کے ان احکام کے نتیجے میں کم و بیش ان تین لاکھ افراد کی زندگیاں متاثر ہوں گی جن کا روزگار ان کانوں سے وابستہ ہے۔