http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 08 January, 2009, 12:19 GMT 17:19 PST

میزائل شیلڈ نظام میں بھارتی دلچسپی

ایک برطانوی اخبار کے مطابق بھارت امریکہ سے میزائل شیلڈ نظام کی خریداری کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

فائنینشل ٹائمز کے مطابق بھارت چاہتا ہے کہ وہ اپنے جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے دفاعی میزائل نظام نصب کرے۔

نئی دلی میں امریکی سفارتخانے کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس بارے میں سائنسی اور تکنیکی امور پر بات ہوئی ہے اور امریکی دفاعی حکام نے بھارتی حکام کے ساتھ اس حوالے سے کمپیوٹر سمیولیشنز بھی کی ہیں۔

اس سلسلے میں برطانوی اخبار نے امریکی سفارتخانے کے ایک افسر کا بیان بھی شائع کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ’ بھارت ہمارا ساتھی ہے اور ہم اسے ہر وہ چیز فراہم کریں گے جو اسے اپنی حفاظت کے لیے درکار ہے۔ یہ ہماری مجموعی دفاعی شراکت داری کا حصہ ہے‘۔

اس سلسلے میں فائنینشل ٹائمز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی جوہری پروگرام کے بارے میں تفصیلی معلومات رکھنے والے ایک پاکستانی افسر نے کہا ہے کہ ’(اگر ایسا ہوا) تو ہمیں جوابی اقدامات کرنا ہوں گے‘۔

اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان اس قسم کا کوئی معاہدہ بھارتی حکومت کے لیے انتہائی حساس سیاسی نوعیت کا حامل ہوگا۔یاد رہے کہ بھارت اور امریکہ کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں خاصی گرمجوشی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ برس اکتوبر میں بھارت اور امریکہ نے پرامن مقاصد کے لیے جوہری تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔