Thursday, 01 January, 2009, 12:41 GMT 17:41 PST
افغان حکام کے مطابق جنوبی صوبے ہلمند میں ایک مقامی سیاستدان کے گھر پر طالبان کے حملے میں کم ازکم بیس افغان پولیس والے ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ پولیس والے موسیٰ قلعہ کے ضلعی سربراہ ملا سلام کی حفاظت کے لیے تعینات تھے۔
طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ حملے میں دو طالبان شدت پسند بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
کابل میں بی بی سی کے مارٹن پیشنس کے مطابق کاجاکی ضلع میں ہونے والی یہ لڑائی کئی گھنٹے جاری رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر پولیس والے مقامی تھے۔
یہ حملہ اسی دن ہوا ہے جس دن افغانستان میں کارروائی کے دوران دو نیٹو کے فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
افغانستان میں امن و امان قائم رکھنا ایک بہت مشکل کام ہے اور صرف سنہ 2008 میں کم از کم 1000 پولیس والے ہلاک ہوئے ہیں، ان میں سے زیادہ شدت پسندوں کے حملوں میں ہلاک ہوئے۔