http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 13 December, 2008, 12:47 GMT 17:47 PST

اوباما کو آزمانے سے گریز کا انتباہ

امریکی وزیر دفاع نے امریکہ مخالفوں کو متنبیہ کیا ہے کہ وہ بارک اوباما کو صدارت کے ابتدائی دنوں میں بحران سے دوچار کر کے آزمانے کی کوشش نہ کریں۔

روبرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر جیسے ہی اختیارات سنبھالیں گے ان کی سکیورٹی ٹیم ملک کے مفادات کا ہر سے طرح دفاع کرنے کے لیے تیار ہو گی۔

اپنے موجودہ عہدے پر برقرار رہنے کے لیے منتخب کیے جانے والے وزیردفاع نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیج کی حفاظت اب بھی سرِفہرست مسائل ہیں۔

امریکی وزیرِدفاع بحرین میں خلیجی ریاستوں کے علاقائی سکیورٹی فورم سے خطاب کر رہے تھے۔

ایران کے بارے میں مسٹر گیٹس نے اس بات کی تردید کی ہے کہ امریکہ ایران میں حکومت کی تبدیلی چاہتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہ امریکہ ایران کی پالیسیوں اور رویوں میں تبدیلی ضرور دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے سنی عرب ممالک سے اپیل بھی کی کہ وہ عراق مکمل سفارتی تعلقات قائم کریں۔

مناما میں اس کانفرنس کا اہتمام لندن کی ایک تنظیم انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ برائے سٹریٹیجک سٹڈیز نے کیا تھا اور اس میں پچیس ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی ہے۔

مسٹر گیٹس جو سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر بھی ہیں کانفرنس میں شریک امریکہ کے علاقائی دوستوں اور حلیفوں کے لیے ایفائے عہد اور امریکی پالیسوں کے تسلسل کا پیغام لے کر آئے تھے۔