Tuesday, 21 October, 2008, 16:52 GMT 21:52 PST
حسن مجتبٰی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیویارک
ریپبلکن جماعت کی نائب صدر کی امیدوار گورنر سارہ پیلن نے ہم جنس شادیوں کے مسئلے پر صدارتی امیدوار جان مکین سے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہم جنس شادیوں پر وفاقی پابندی کی حمایت کرتی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق گورنر سارہ پیلن نے نیویارک کے ایک عیسائی ٹیلیویژن چینل کو انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ہم جنس شادیوں پر پابندی کے لیے وفاقی قوانین کی حمایت کریں گي۔
سارہ پیلن نے کہا کہ وہ عیسائي عقیدے کو مانتی ہیں یعنی شادی فقط مرد اور عورت کے درمیاں بندھن کا نام ہے اور اپنی ریاست الاسکا میں وہ ہم جنس شادیوں کی خلاف قانون سازی کے حق میں ووٹ دے چکی ہیں۔
اس مؤقف کے برعکس ریپبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار سینٹر جان مکین ہم جنس شادیوں پر پر پابندی لاگو کرنا یا نہ کرنا ریاستی قانوسازوں کی صوابدید پر چھوڑے جانے کے حق میں ہیں۔