Wednesday, 15 October, 2008, 16:00 GMT 21:00 PST
امریکی فوج نے عراق کے شمالی شہر موصل میں ایک آپریشن کے دوران عراق میں القاعدہ کے نمبر دو کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
فوج کا کہنا ہے ابو قصورہ کے نام سے جانے جانے والے اس شخص کا تعلق مراکش سے تھا۔ ایک بیان میں کہاگیا کہ ابو قصورہ جون دو ہزار سات میں سینیئر کمانڈر بنے اور ان کے افغانستان اور پاکستان میں القاعدہ کی اعلی قیادت سے تعلقات تھے۔
امریکی ترجمان کے مطابق ابو قصورہ القاعدہ کے ایک ’کمانڈ اور کنٹرول‘ مرکز پر پانچ اکتوبر کو حملے میں ہلاک ہونے والے پانچ شدت پسندوں میں شامل تھے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ابو قصورہ ایک پرکشش رہنما تھے اور ان کی ہلاکت سے القاعدہ کی کارروائیوں کو بڑا دھچکا لگے گا۔
اگر ابو قصورہ کی ہلاکت کی تصدیق ہوجاتی ہے تو وہ امریکیوں کے مطابق عراق میں گزشتہ تین روز میں ہلاک ہونے والے القاعدہ کے دوسرے اہم رہنما ہونگے۔ اس سے قبل امریکی فوج نے ماہرالزبیدی نامی شدت پسند رہنما کی ہلاکت کا دعوی کیا تھا۔