Monday, 06 October, 2008, 13:09 GMT 18:09 PST
عالمی بازارمیں تیل کی قیمتوں میں کافی کمی آئی ہے اور اب تیل نوے ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگيا ہے۔گزشتہ آٹھ ماہ میں تیل کی قیمتوں میں یہ سب سے زیادہ گراوٹ ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی اس بات کا مظہر ہے کہ امریکہ اور یورپ کے معاشی بحران سے عالمی بازار سست روی کا شکار ہوں گی اور اس سے تیل کی مانگ میں کمی آئےگی۔
خلیجی ممالک کے شیئر بازار میں زبردست مندی آئی ہے اور بینکوں اور بلڈنگ کنٹریکٹرز کے شیئرز میں سب سے زیادہ مندی دیکھی گئی ہے۔
سعودی عرب کے بازار حصص میں، جو خلیجی ممالک میں سب سے بڑا شیئر بازار ہے، نو فیصد کی گرواٹ درج کی گئی ہے جبکہ خلیج کے دوسرے بازاروں میں چار سے چھ فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔
دبئی کے شیئر بازار میں %4.5 ،ابو ظہبی اور قطر کے شیئر بازار %4 کی گراوٹ آئی ہے جبکہ کویت %3.5 اور عمان کے بازار میں چھ فیصد کی گرواٹ آئی ہے۔
عید کی چھٹی کے بعد پیر کو جب شیئر بازار کھلا تو پہلے ایک دن میں جس قدر گرواٹ دیکھی گئی اتنی گزشتہ چند برسوں میں دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔