http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 03 October, 2008, 17:52 GMT 22:52 PST

امریکہ: 700ارب کا بیل آؤٹ بل منظور

امریکی ایوان نمائندگان نے بھی مالیاتی اداروں کو بچانے کے لیے سات سو ارب ڈالر کے بیل آؤٹ بل کی منظوری دے دی ہے۔

اس سے قبل امریکی سینیٹ نے ملک کے مالیاتی اداروں میں جاری بحران سے نمٹنے کے لیے مذکورہ بالا بیل آؤٹ بل کے ترمیم شدہ پیکیج کی منظوری دے دی تھی۔ بِل کو سینیٹ میں پچیس کے مقابلے میں چوہتر ووٹوں سے منظور کیا گیا تھا۔

سینیٹ میں منظوری سے پہلے ہی توقع کی جا رہی تھی کہ نہ صرف سینیٹ امدادی بل کی منظوری دے گا بلکہ اس کے نتیجے میں ایوان نمائندگان بھی بل کو منظور کر لے گا۔

ایوانِ نمائندگان نے اس سے پہلے اس بل کو مسترد کردیا تھا اور اس پر اعتراض کیا گیا تھا کہ مالیاتی اداروں کو اس طرح امداد فراہم کر کے بچانا ٹیکس دہندگان کے ساتھ زیادتی ہے۔

جس کے بعد بل میں ترامیم کی گئیں جن میں خاص طور پر مالیاتی اداروں کے سربراہوں اور اعلیٰ افسروں کی تنخواہوں کو محدود کیا گیا خاص طور پر اس وقت جب وہ کسی ادارے سے رخصت ہوں۔ اس کے علاوہ عام لوگوں کی بچتوں پر حکومت کی ضمانت کی حد کو ایک لاکھ ڈالر سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ ڈالر کر دی گئی۔