http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 02 October, 2008, 04:36 GMT 09:36 PST

ترمیم شدہ پیکیج سینیٹ میں منظور

امریکی سینیٹ نے ملک میں جاری اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے ترمیم شدہ امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ بِل کو سینیٹ میں پچیس کے مقابلے میں چوہتر ووٹوں سے منظور کیا گیا۔

امریکی سینیٹ میں امدادی پیکیج کی منظوری کا ایشیا کے بازار حصص میں زیادہ اثر نظر نہیں آیا۔ جاپان میں دوپہر تک نِکی انڈیکس ایک اعشاریہ گیارہ فیصد نیچے گیا جبکہ آسٹریلیا میں مندی دیکھی گئی۔

نیا منصوبہ پہلے والے پیکیج سے ملتا جلتا ہے تاہم کانگریس سے اس کی منظوری کو آسان بنانے کے لیے اس میں بعض نئے اقدامات متعارف کروائے گئے ہیں۔ ان نئے اقدامات میں سے ایک کے تحت بچتوں پر حکومت کی ضمانت کی رقم ایک لاکھ پاؤنڈ سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ پاؤنڈ کر دی گئی ہے۔

واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن بیل کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی منظوری کے بعد جب یہ بل ایوان نمائندگان میں دوبارہ پیش ہوگا تو وہاں اس کے لیے حمایت میں اضافہ کا امکان ہے۔

یہ رائے شماری ڈیموکریٹس کی طرف سے اس یقین دہانی کے بعد کروائی جا رہی ہے کہ وہ اس بحران کا مشترکہ حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس سے قبل سینیٹر ہیری ریڈ اور ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے صدر جارج بش کو لکھے گئے خط میں توقع ظاہر کی ہے کہ امریکہ کو مالیاتی بحران سے نکالنے کے لیے ایک متفقہ منصوبے کی منظوری جلد ہی دے دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مل کر کام کرتے ہوئے، ہمیں یقین ہے کہ ہم مستقبل قریب میں ایک ذمہ دارانہ بِل پاس کروا لیں گے۔‘

اس سے قبل صدر بش نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کانگریس حالیہ مالی بحران سے بچاؤ کے لیے کوئی منصوبہ منظور کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو اس کے اثرات تکلیف دہ اور طویل ہوں گے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق سینیٹ کے لیے امدادی پیکیج کا بل پاس کرنا اس لیے آسان ہے کہ اس ایوان نمائندگان کی طرح ووٹروں کے دباؤ کا سامنا نہیں ہے۔

ایوان نمائندگان کے تمام ارکان کو نومبر میں دوبارہ انتخاب کے لیے اپنے ووٹروں کے پاس جانا ہوگا جبکہ صرف ایک تہائی سینیٹروں کو اس مرحلے سے گزرنا ہوگا۔