http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 28 September, 2008, 11:21 GMT 16:21 PST

افغان پولیس سربراہ کو قتل کر دیا

افغان حکام کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھار میں ملک کی سب سے اعلیٰ خاتون پولیس افسر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

قندھار پولیس کے خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کے شعبہ کی سربراہ لیفٹیننٹ کرنل مالالائی کاکڑ کو اس وقت گولی مار دی گئی جب وہ اپنی کار میں دفتر جانے کے لیے نکلی تھیں۔

حملے میں ان کا بیٹا بھی شدید زخمی ہوا ہے اور اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

طالبان باغیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ حملہ کیا تھا۔ یاد رہے جب طالبان برسرِ اقتدار تھے تو انہوں نے طالبان کی پولیس فورس میں شمولیت پر پابندی لگا دی تھی۔

طالبان کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم نے مالالائی کاکڑ کو مارا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’وہ ہمارا ٹارگٹ تھیں، اور ہم نے کامیابی سے اپنے ٹارگٹ کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیا ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق مالالائی کاکڑ کے چھ بچے ہیں اور ان کی عمر چالیس سال کے قریب تھی۔

مالالائی کاکڑ نے پولیس فورس میں شمولیت 1982 میں کی تھی۔ ان کے والد اور بھائی بھی پولیس میں تھے۔ تاہم جب طالبان اقتدار میں آئے تو مالالائی کاکڑ کو کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔