Thursday, 18 September, 2008, 14:34 GMT 19:34 PST
ہیکرز نے امریکی نائب صدر کے عہدے کے لیے ریپبلکن پارٹی کی امیدوار اور الاسکا کی گورنر سارہ پیلن کی ای میل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
ہیکرز نے ان کے یاہو اکاؤنٹ میں گھس کر وہاں سے کئی پیغامات اور تصاویر حاصل کر کے ایک اور ویب سائٹ پر چسپاں کی ہیں۔
ریپبکلن صدارتی امیدوار جان مکین کے کیمپ نے ہیکرز کی کارروائی کی مذمت کی ہے اور اسے گورنر پیلن کی پرائیویسی میں شرمناک مداخلت اور قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ہیکنگ کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب یہ سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا سارہ پیلن نے سرکاری کام کے لیے ذاتی ای میل استعمال کی ہے یا نہیں۔
امریکی قانون کے مطابق سرکاری کام سے متعلق تمام ای میلوں کو محفوظ کیا جانا ضروری ہے اور انہیں ڈیلیٹ یا ضائع نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ذاتی ای میلوں کو ضائع کیا جا سکتا ہے۔
آج کل سارہ پیلن کے خلاف گورنر الاسکا کے طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے سلسلے میں تحقیقات ہو رہی ہیں۔
انانیمس نامی ایک گروپ نے سارہ پیلن کے یاہو ای میل کو ہیک کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اس گروپ نے ای میل اکاؤنٹ کے پانچ سکرین شاٹس، مسز پیلن کے خاندان کے دو ڈیجیٹل فوٹو اور ایک ایڈریس بُک وِکی لیکس وییب سائٹ پر شائع کیے ہیں۔ یہ تمام مواد سارہ پیکن کے یاہو اکاؤنٹ گو ڈاٹ پیلن ایٹ یاہو ڈاٹ کام سے حاصل کیا گیا ہے۔
منظر عام پر لائی گئی ایک ای میل مسز پیلن نے الاسکا کے ڈپٹی گورنر شان پارنل کو لکھی گئی ہے جو کانگریس کا رکن بننے کے لیے کوشاں ہیں۔
ریپبکلن صدارتی امیدوار جان مکین کے کیمپ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ معاملہ متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جس کسی کے پاس بھی یہ ای میل ہوں گی وہ انہیں ضائع کر دے گا۔
تازہ ترین تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گو ڈاٹ پیلن ایٹ یاہو ڈاٹ کام اور گو ڈاٹ سارہ ایٹ یاہو ڈاٹ کام کے ایڈریس والے اکاؤنٹ بند کر دیئے گئے ہیں۔