Saturday, 13 September, 2008, 04:51 GMT 09:51 PST
ریپبلکن پارٹی کی امریکہ کی نائب صدر کی امیدوار سارہ پیلن کے شوہر ٹوڈ پیلن کو حکم دیا گیا ہے کہ سارہ پیلن پر طاقت کے بے جا استعمال سے متعلق ہونے والی ایک انکوائری میں اپنا بیان ریکارڈ کروائیں۔
الاسکا کی اسمبلی نے یہ انکوائری گورنر پیلن کے خلاف اپنے سابق بہنوئی کو نوکری سے نکالنے کے لیے اپنے سٹاف پر دباؤ ڈالنے کے الزام کے بعد شروع کی گئی ہے۔
سارہ پیلن جو کہ الاسکا کی گورنر بھی ہیں اس الزام کی تردید کرتی ہیں۔
شہادتوں کے لیے بارہ دیگر افراد کی ضرورت ہو گی۔ تاہم سارہ پیلن کو حاضری کے لیے نہیں کہا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کو مکمل کرنے کے لیے ان سے انٹرویو کیا جائے گا۔
جولائی میں الاسکا کی اسمبلی نے ریٹائرڈ پروسیکیوٹر سٹیفن برانچ فلاور کو تعینات کیا تھا کہ وہ سارہ پیلن پر لگائے گئے ان الزامات کی تحقیق کریں جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے الاسکا کے پبلک سیفٹی کمشنر والٹ مونیگن کو صرف اس لیے عہدے سے الگ کر دیا تھا کہ انہوں نے سارہ کے بہنوئی کو نوکری سے نکالنے سے انکار کیا تھا۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ سارہ پیلن خاندانی جھگڑے میں اپنے گورنر ہونے کی طاقت کا غلط استعمال کر رہی تھیں۔