Tuesday, 26 August, 2008, 02:31 GMT 07:31 PST
امریکہ میں ڈیموکریٹ پارٹی کے اکابرین نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے پہلے افریقی امریکی امیدوار باراک اوباما کو رسمی طور پر نامزد کر رہے ہیں۔
سینیٹر ایڈورڈ کینیڈی نے بھی جو بیمار ہیں، اس ڈیموکریٹ کنوینشن کے پہلے روز بڑے جذباتی انداز میں خطاب کیا اور کہا کہ باراک اوباما امید اور تبدیلی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔
باراک اوباما کی اہلیہ میشیل اوباما نے اپنے خطاب میں کہا کہ باراک امریکہ کے لیے غیر معمولی صدر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ہیلری کلنٹن کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ہاؤس کی سپیکر نینسی پلوسی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ڈیموکریٹ ایک ایسے وقت باراک اوبامہ کی نامزدگی کے لیے جمع ہوئے ہیں جب امریکہ کی تاریخ نئے سرے سے لکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے باراک اوباما کی تعریف کرتے ہوئے انہیں صاحبِ بصیرت اور اقدار کا حامل شخص قرار دیا۔
انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی ہی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کی وجہ سے ڈیموکریٹ پارٹی اور ملک کی بہتری ہوئی ہے۔ ہیلری کلنٹن نے پرائمری انتخابات میں باراک اوباما کی برتری کے بعد انتخابی مہم ترک کر دی تھی۔
باراک اوباما کی سوتیلی بہن مایا سوئٹیرو نے اس موقع پر کہا انہوں نے اور ان کے بھائی نے اپنی پرورش کے دوران محنت کرنا سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باراک اوباما امریکی ووٹروں کی اسی طرح مدد کریں گے جیسے انہوں نے اپنی بہن کی مدد کی ہے۔