http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 17 August, 2008, 13:54 GMT 18:54 PST

جورجیا سے روسی انخلاء کا اعلان

روس کے صدر دمیتری میڈویڈیو نے کہا ہے کہ ان کی فوجیں پیر سے جورجیا سے انخلاء شروع کر دیں گی۔ صدر میڈوڈیو نے یہ بات فرانس کے صدر نکولس سارکوزی سے فون پر بات کرتے ہوئے کی جنہوں نے روس اور جورجیا کے درمیان جنگ بندی کروائی تھی۔

اس سے قبل جورجیا میں روس کے ہراول دستوں کے کمانڈر نے بی بی سی کو بتایا تھا ان کی فوج کا بتدریج انخلاء شروع ہو چکا ہے۔ روسی کمانڈر ویاچیسلاو بوریسوو نے کہا کہ انہوں نے جورجیا کے دارالحکومت تبلیسی سے بتیس کلومیٹر دور ایک گاؤں میں اپنے فوجیوں کی جگہ امن فوجی تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

جورجیا اور جنوبی اوسیٹیا کا مسئلہ
جورجیا اور اوسیٹیا مسئلہ ہے کیا؟
پولینڈ، امریکہ میزائل معاہدہ

جنوبی اوسیٹیا کی سرحد کے قریب جورجیا کے شہر گوری سے بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا کہ وہاں سنیچر کے مقابلے میں اتوار کو روسی فوج کی موجودگی قدرے کم تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں گاڑیاں انسانی امداد فراہم کر رہی تھیں۔

تاہم نامہ نگار نے کہا کہ گوری شہر میں داخلے اور انخلاء کے اہم مراکز اب بھی روسی فوج کے کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر روسی فوجیوں کی جگہ امن فوجی لے بھی لیں اس سے جورجیا کے حکام کے لیے بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔ روس کا اب بھی جورجیا میں مشرق سے مغرب تک پھیلی ہوئی مرکزی شاہراہ اور اس پر واقع قصبوں پر کنٹرول ہے۔

دس روز قبل جنوبی اوسیٹیا کے علاقے پر پیدا ہونے والے تنازعے کے بعد روس نے جورجیا میں فوجی مداخلت کی تھی اور روسی ٹینک فائربندی کے معاہدے کے باوجود سنیچر کی شب جورجیا کے اندر موجود تھیں۔

امریکی صدر جارج بش نے اپنے مطالبے کو دہرایا ہے کہ روسی فوری طور پر فائربندی کے معاہدے کے تحت اپنی فوج جورجیا سے واپس بلالے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فائربندی پر روس کی جانب سے دستخط سے امید پیدا ہوئی ہے۔