http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 08 August, 2008, 15:21 GMT 20:21 PST

روسی ٹینک جورجیا میں داخل ہو گئے

جورجیا کے صدر میخائل ساکشویلی نے کہا ہے کہ روسی ٹینک جورجیا کے علیحدگی پسند علاقے جنوبی اوسیٹیا میں داخل ہو گئے ہیں۔

جورجیا کے صوبے جنوبی اوسیٹیا کے روس کے ساتھ تعلقات ہیں اور یہ علاقہ انیس سو نوّے کی دہائی سے عملاً خودمختار ہے۔ جورجیا کی اس علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے ایک عرصے سے علیحدگی پسندوں سے لڑائی جاری ہے۔

اس سے قبل جورجیا کے صدر میخائل ساکیشولی نے ریزرو فورس کو بھی لڑائی میں شامل ہونے کا کہا ہے اور روس پر الزام عائد کیا ہے کہ روسی جہاز جارجیا پر بمباری کر رہے ہیں۔ تاہم اس الزام کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

ماسکو میں وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنوبی اوسیٹیا میں امن فوج کے اس کے دس اہلکار ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے ہیں۔ پندرہ شہریوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

یورپی یونین، امریکہ اور نیٹو نے فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ دوسری طرف چین نے اولمپک کھیلوں کے دوران دنیا بھر میں امن کا مطالبہ کیا ہے۔

جورجیا کے صدر نے کہا کہ ایک سو پچاس ٹینک اور دیگر گاڑیاں جنوبی اوسیٹیا میں داخل ہو گئی ہیں۔ انہوں نے سی این این کو بتایا کہ ’روس ہماری ہی سرزمین پر ہم سے جنگ کر رہا ہے‘۔