Monday, 04 August, 2008, 10:15 GMT 15:15 PST
ایران نے اطلاعات کے مطابق ایک نئے سمندری ہتھیار کا تجربہ کیا ہے۔ ایران میں خبر رساں ایجنسی اِرنا نے پاسداران انقلاب کے سربراہ سے ایک بیان منسوب کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نئے ہتھیار کی مار تین سو کلومیٹر ہے۔
پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ ہتھیار بالکل انوکھا ہے اور ایسا ہتھیار دنیا کے کسی اور ملک کی فوج کے پاس نہیں۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ تجربہ کب اور کہاں کیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ’نئے ہتھیار‘ کی مار سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک قسم کا تارپیڈو ہے۔
ایران نے گزشتہ ماہ خلیج فارس میں میزائیلوں اور تارپیڈو کے تجربات کیے تھے اور اس نے دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ دوری تک مار کرنے کی صلاحیت والے ایک میزائیل شہاب کے کامیاب تجربے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔
اِرنا کے مطابق جعفری نے کہا کہ حملے کی صورت میں ایران جیسے ممکن ہوا، جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جنگ کم سے کم وقت میں ختم کرنا چاہے گا لیکن ’ہم اسے طول دیں گے‘۔