http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 02 August, 2008, 07:28 GMT 12:28 PST

کولمبو: گیلانی، منموہن ملاقات آج

جنوب ایشیائی ممالک کی علاقائی تنظیم سارک کا سربراہی اجلاس کولمبو میں ہو رہا ہے جس کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے ہندوستانی ہم منصب منموہن سنگھ کے درمیان پہلی مرتبہ ملاقات بھی ہوگی۔

یہ ملاقات کابل میں ہندوستانی سفارت خانے پر حالیہ بم حملے اور کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر جھڑپوں کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری الزام تراشیوں کے سلسے کے پس منظر میں ہورہی ہے۔

سارک ممالک کے رہنما جرائم، دہشت گردی، غربت اور اجناس کی کمی سے پیدا شدہ صورتحال پر قابو پانے میں تعاون کے طریقوں پر غور کریں گے۔

مبصرین کے مطابق مسٹر منموہن سنگھ تشدد کے حالیہ واقعات پر اپنی حکومت کی تشویش سے مسٹر گیلانی کو آگاہ کریں گے جبکہ پاکستانی وزیر اعظم اس تاثر کو مسترد کریں گے ان حملوں میں آئی ایس آئی کا ہاتھ تھا۔

بہر حال، دونوں کی کوشش ہوگی کہ لائن آف کنٹرول پر پانچ سال سے جاری جنگ بندی کی دوبارہ خلاف ورزی نہ ہو تاکہ باہمی تعلقات میں حالیہ کشیدگی کو کم کیا جاسکے۔