http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 29 July, 2008, 15:02 GMT 20:02 PST

مزاحمت کاروں کے خلاف بڑی کارروائی

عراقی اور امریکی فوجوں نے القاعدہ کے گڑھ تصور کیے جانے والے دیالہ صوبے میں ایک بڑی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

اس کارروائی کا آغاز پولیس اور فوج کی صوبے کے دارالحکومت بقوبہ میں صبح سویرے تعیناتی کے ساتھ ہوا اور صوبے بھر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

امریکی فوجی ترجمان کے مطابق اس کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کا خاتمہ اور سمگلنگ روکنا ہے۔

بقوبہ کے علاوہ عراقی اور امریکی فوجیوں نے مضافات کے کئی علاقوں میں بھی چھاپے مارے اور کئی مطلوبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

بی بی سی کے بغداد میں نامہ نگار نے بتایا کہ ماضی میں بھی کئی کارروائیاں کی گئیں لیکن اس کا اتنا شور کیا جاتا ہے کہ جنگجو اس علاقے سے پہلے ہی نکال جاتے ہیں۔ تاہم منگل کو شروع کی گئی اس کارروائی کا وقت خفیہ رکھا گیا تھا۔

دوسری طرف بغداد میں سوموار کے روز شیعوں پر ہونے والے خودکش حملوں کے بعد بغداد میں گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بغداد میں ہزاروں شیعہ افراد خامیا کی طرف امام موسیٰ الکاظم کے روزے کی طرف جا رہے ہیں۔