Tuesday, 15 July, 2008, 07:09 GMT 12:09 PST
عراق میں فوجی بھرتی کے ایک مرکز پر دو خودکش حملوں میں کم سے کم پینتیس لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔ حملوں میں پچاس سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے۔
عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ دو حملہ آوروں نے اپنے آپ کو بعقوبہ شہر میں ایک فوجی اڈے میں جمع ریکروٹوں کے بیچ میں اپنے آپ کو اڑا دیا۔ ایک حملہ آور کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس نے عراقی فوج کی وردی پہنی ہوئی تھی۔ بعقوبہ بغداد سے ساٹھ کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔
بعقوبہ دیالہ صوبے کا دارالحکومت ہے جو عراق کا سب سے خطرناک علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ عراق میں پہلے کی نسبت تشدد کے واقعات میں کمی آئی ہے لیکن وہاں پھر بھی اس طرح کے واقعات جاری ہیں۔
منگل کو ہونے والا حملہ یکم مئی کے بعد سب سے بڑا حملہ ہے۔ اس وقت بھی دو خود کش حملوں میں پینتیس لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
عراق میں حالیہ برسوں میں ہزاروں ریکروٹ اس طرح کے پرتشدد حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود بڑی تعداد میں نوجوان اب بھی فوج میں بھرتی ہونا چاہتے جو ملک میں روزگار کے چند ذرائع میں سے ایک ہے۔