Monday, 14 July, 2008, 09:25 GMT 14:25 PST
اطلاعات کے مطابق جنوبی افغانستان کے صوبے قندھار میں فوج اور مشتبہ طالبان کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
مقامی آبادی اور حکومتی اہلکاروں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پنجوائی ضلع میں تیس افراد ہلاک ہوئے ہیں جس میں زیادہ تعداد شدت پسندوں کی ہے۔
مقامی آبادی کے مطابق کئی خاندان پنجوائی سے نکل کر قندھار شہر چلے گئے ہیں جبکہ لڑائی والی جگہ کو بین الاقوامی اور افغان فوج نے گھیر ے میں لے لیا ہے۔
ادھر افغان حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی حصہ میں ہونے والے ایک دھماکے میں چھ افغان محافظ ہلاک ہو گئے ہیں۔اس واقعے میں دو محافظ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
صوبہ ہلمند میں سڑک کے کنارے نصب بم کا شکار بننے والے یہ افراد عالمی اتحادی فوج کے لیے رسد لے جانے والے ایک قافلے کی حفاظت پر مامور تھے۔
ہلمند کے پولیس سربراہ محمد حسین اندیوال کے مطابق یہ واقعہ گرشک ضلع میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک امریکی سکیورٹی کمپنی کے ملازم تھے۔
ماضی میں بھی افغانستان میں طالبان کی جانب سے عالمی افواج کے لیے رسد لے جانے والے قافلوں پر حملے کیے جاتے رہے ہیں جن میں متعدد بار جانی نقصان بھی ہوا ہے۔