Friday, 04 July, 2008, 06:55 GMT 11:55 PST
افغانستان میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے جمعرات کو رات گئے ایک شناختی چوکی پر حملہ کر کے آٹھ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ ملک کے جنوبی علاقے میں قندھار کے پنجوائی ڈسٹرکٹ میں پیش آیا۔
قندھار پولیس کے سربراہ ثمنوال مطیع اللہ کے مطابق مسلح افراد نے چیک پوائنٹ پر فائرنگ سے قبل ایک دستی بم بھی پھینکا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جبکہ دو پولیس اہلکار لاپتہ بھی ہیں۔
یاد رہے کہ جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے اسے طالبان کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔
افغانستان میں پولیس اہلکار اکثر طالبان کے حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں اور گزشتہ ایک برس کے دوران ان حملوں میں افغان پولیس کے قریباً ایک ہزار اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق گزشتہ برس افغانستان میں طالبان حملوں اور اتحادی فوج کی کارروائی کے دوران قریباً آٹھ ہزار افراد مارے گئے جو سنہ 2001 میں امریکی فوج کے افغانستان میں آپریشن کے آغاز سے اب تک ایک برس میں ہلاک ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔