Tuesday, 01 July, 2008, 01:11 GMT 06:11 PST
فرانس کے صدر نکولس سرکوزی نے کہا ہے کہ جس انداز سے نئے یورپ کی تعمیر کی جا رہی ہے اس میں اہم نوعیت کی تبدیلیاں لانی ہوں گی۔
یہ بات انہوں نے اس موقع پر کہی ہے جب فرانس نے یورپی اتحاد کی سربراہی سنبھالی ہے۔
فرانسیسی ٹیلیوژن پر نکولس سرکوزی نے کہا کہ یورپ کی تعمیر میں غلطیاں ہوئی ہیں اور جس سے یورپی شہریوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔
یورپی اتحاد کی چھ ماہ کی صدارت کے دوران فرانس کا بھر پور ایجنڈہ ہے جس میں امیگریشن، دفاع اور زرعی معاملات شامل ہیں۔
فرانس کے پاس سلوینیہ سے یورپی اتحاد کی صدارت رسمی طور پر منگل کو منتقل ہوگی لیکن پیر کی شام پیرس میں آئفل ٹاور کو نیلی روشنی اور سنہری ستاروں سے روشن کیا گیا جو یورپی اتحاد کے رنگ ہیں۔
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ یورپ کی تعمیر میں کوئی نہ کوئی غلطی ہے اور یورپ کے پریشان شہری پوچھ رہے ہیں کہ آخر میں کیا یورپ یا ان کی اپنی حکومتیں انہیں تحفظ فراہم کریں گی۔