http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 30 June, 2008, 07:36 GMT 12:36 PST

عراق کے عالمی کمپنیوں سے معاہدے

عراق کی حکومت پیر کے روز اس معاہدے کی تفصیلات کا اعلان کرےگی جس میں اس نے تیل کی پیداوار میں اضافے کے لیے دنیا کی چار بڑی تیل کمپینیوں سے معاہدہ کیا ہے۔

نئی کوششوں سے آئندہ دو برس میں عراق میں تقریبا تیس لاکھ بیرل تیل یومیہ نکالا جا سکےگا۔

معاہدے کے تحت ایکزن موبائل، بی پی، شیل اور ٹوٹل نامی چاروں بڑی کمپنیاں عراق کی تکنیکی مدد کریں گی تاکہ موجودہ تیل کے کنوؤں سے پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

امید کی جا رہی ہے کہ عراق میں دو برس میں ہی موجودہ تیل کی پیداروار جو کہ پچیس لاکھ بیرل یومیہ ہے وہ تیس لاکھ بیرل یومیہ ہوجائے گی۔

بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ عراق میں تیل کی پیداوار کے زبردست مواقع ہیں کیونکہ ایک تخمینے کے مطابق عراق کی آئل فیلڈز میں تقریباً سوا کروڑ بیرل تیل ہے۔

فی الوقت عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور کئی ممالک اس پر قابو پانے کے لیے تیل کی پیداوار میں اضافے کی وکالت کر رہے ہیں۔ سعودی عرب نے پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا۔