Saturday, 28 June, 2008, 07:10 GMT 12:10 PST
ہیلری کلنٹن نے صدارتی امیدوار کی دوڑ سے الگ ہو نے کے بعد باراک اوبامہ کی ریلی میں شرکت کی اور دونوں پہلی مرتبہ کسی ریلی میں ایک ساتھ نظر آئے۔
پرائمری انتخابات میں اوباما اور ہیلری کلنٹن کے درمیان پیدا ہونے والی تلخیوں کے بعد یہ مشترکہ ریلی ڈیمو کریٹک پارٹی کے حامیوں کے لیے متحد ہونے کا ایک موقع تھا۔
اس ریلی کے بعد ایک مشترکہ ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں باراک اوباما نے ہیلری کلنٹن کے پرائمری انتخابات کے دوران چلائی جانے والے مہم کے لیے حاصل کردہ قرضوں کی ادائیگی میں مدد کی پیش کش بھی کی۔
محترمہ کلنٹن نے ڈیمو کریٹک پارٹی کے حامیوں سے باراک اوبامہ کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ کو لگتا ہے کہ ہمیں ایک نئے ایجنڈے اور نئے نظام کی ضرورت ہےتو باراک اوبامہ کو ووٹ دیں آپ جو تبدیلی چاہتے ہیں وہ آئے گی‘۔
ان کی تقریر کے بعد باراک اوبامہ نے ہلری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ اگر ڈیمو کریٹس صدارتی انتخاب جیتنا چاہتے ہیں تو انہیں ہیلری اور ان کے شوہراور سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی ضرورت ہے‘۔
اوبامہ نے کہا کہ ’ہمیں صرف اس انتخابی مہم کے لیے ہی نہیں بلکہ امریکی عوام کو ان کی خدمات اور ان کی دانشمندی کی اشد ضرورت ہے‘۔
شمالی امریکہ میں بی بی سی کے نامہ نگار جسٹن ویب کا کہنا ہے کہ ہیلری اور اوبامہ اس مشترکہ ریلی کی خاصی سیاسی اہمیت ہے۔