Friday, 27 June, 2008, 07:53 GMT 12:53 PST
امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے جوہری معلومات کی فراہمی کے بعد اس پر کچھ پابندیاں ختم کر دے گا۔
سفارتکاروں کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے ایٹمی پروگرام کی تفصیلات چین کو فراہم کر دی ہیں۔
چھ ماہ تاخیر سے فراہم کی جانے والی یہ تفصیلات شمالی کوریا میں یورینیم کی افزودگی کے بارے میں ہیں۔
لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ انہیں یہ توقع نہیں ہے کہ ان تفصیلات میں ایٹمی ہتھیاروں اور اس یورینیم کی تفصیلات بھی ہوں گی جو مبینہ طور پر الگ سے افزودہ کیا جاتا ہے۔
صدر بش نے شمالی کوریا کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ کوئی انہیں پیانگ یونگ کے بارے میں کوئی ’خوش فہمی‘ نہیں بلکہ ’انتہائی تشویش‘ ہے۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ اگر تفصیلات مکمل ہوئیں تو وہ پینتالیس دن کے اندر کانگریس سے کہیں گے کہ اس کمیونسٹ ملک کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں کی امریکی فہرست سے خارج کر دیا جائے۔
تفصیلات کی یہ فراہمی ان عالمی کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہونے پر سفارتی اور اقتصادی سہولتیں
فراہم کی جائیں گی۔ تاہم شمالی کوریا نے ان تفصیلات کی فراہمی میں چھ ماہ کی تاخیر کر دی ہے۔
|
کولنگ ٹاور کی مسمار
|
ایٹمی تفصیلات کی فراہمی کی خبر چین اور شمالی کوریا کے وزرائے خارجہ کے ذرائع سے ملی ہے۔
شمالی کوریا نے جمعہ کو ایک سینئر امریکی سفارتکار اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو پیانگ یونگ کے ایٹمی ری ایکٹر کے کولنگ ٹاور کو مسمار کیے جانے کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ ٹاور کی مسماری عالمی پیشکش کو قبول کرنے کا عملی اظہار ہے۔