http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 16 June, 2008, 02:56 GMT 07:56 PST

تیل کی پیداوارمیں اضافے کااعلان

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اگلے ماہ سے تیل کی پیداوار میں دو لاکھ بیرل روزانہ کا اضافہ کرے گا تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی مانگ کو کم کیا جاسکے۔

اس بات کا اعلان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی جدہ میں سعودی تیل کے وزیر علی النعیمی سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔

پچھلے ماہ سعودی عرب نے تیل کی پیداوار میں تین لاکھ بیرل روزانہ کا اضافہ کیا تھا۔

سعودی عرب تیل پیدا کرنے والے ممالک میں وہ واحد ملک تصور کیا جاتا ہے جو پیداوار میں بڑے پیمانے پر اضافہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی موجودہ قیمت میں اضافے کی وجہ مارکیٹ کی افواہیں ہیں نہ کہ تیل کی کمی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سعودی شاہ عبداللہ سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کا ملک تیل کی قیمتوں میں اس حد تک اضافے کو مکمل طور پر غیر مناسب سمجھتا ہے اور یہ کہ وہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔