http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 14 June, 2008, 16:50 GMT 21:50 PST

جیل پر حملہ طالبان کی کامیابی: نیٹو

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج نے اعتراف کیا ہے کہ قندھار کی ایک جیل پر طالبان کا خود کش حملہ، جس میں سینکڑوں قیدی فرار ہوگئے تھے، فوجی حکمت عملی کے لحاظ سے ایک کامیابی ہے۔

لیکن بی بی سی سے بات کرتے ہوئے نیٹو کے ترجمان جنرل کارلوس برانکو نے کہا کہ اس حملے سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جانا چاہیے کہ طالبان مضبوط ہو رہے ہیں اور یہ کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال ابتر ہو رہی ہے۔

نیٹو کے مطابق اس حملے میں گیارہ سو قیدی فرار ہوئے جن میں تقریباً چار سو طالبان تھے۔

ایک اعلیٰ افغان اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جیل کے بڑے دروازے کو بم سے اڑا دیا گیا اور اس کے بعد درجنوں حملہ آور جیل میں گھس گئے۔ اسی دوران کار بم اور راکٹ حملے میں پندرہ پولیس اہلکار بھی ہلاک ہو ئے۔

قندھار شہر میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔

طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ تیس موٹر سائیکل سوار جنگجوؤں اور دو خودکش بمباروں نے جیل پر حملہ کیا اور چار سو کے قریب طالبان قیدیوں کو رہا کروا لیا۔

پولیس اور فوج گلیوں میں گشت کر رہی ہے اور رہائشیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

جیل سپرنٹینڈنٹ عبد القادر نے کہا کہ ایسے بھی قیدی ہیں جو فرار نہیں ہوئے اور انہوں نے جیل میں رہنے کو ترجیح دی۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ تین کلو میٹر کے دائرے میں گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔